_*سائنس آسان*_
_*(قسط 4: توانائی سے بھرپور کائنات)*_
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
▪️توانائی کا مطالعہ سائنس کی شاخ، فزکس میں کیا جاتا ہے۔
▪️کائنات میں مادہ اور توانائی، غالباََ دو سب سے اہم عوامل ہیں۔ باقی دو عوامل وقت اور خلاء ہیں۔
▪️توانائی یا energy ہوتی کیا ہے؟ بہت سادہ۔۔۔۔ کام کرنے کی صلاحیت کو توانائی کہا جاتا ہے۔
▪️توانائی کے مفہوم سے ملتے جلتے کچھ الفاظ بہت کنفیوز کر سکتے ہیں۔ مثلاً؛
1۔ کام یا work
2۔ قوت یا Force
3۔ طاقت یا Power
یہ الفاظ اکثر ہماری روز مرہ گفتگو میں بھی استعمال ہوتے ہیں اور تقریباً ایک دوسرے کے مترادف سمجھے جاتے ہیں۔ مگر سائنس میں یہ باقاعدہ اصطلاحات کا درجہ رکھتے ہیں اور ان کی تعریفیں اور مفہوم الگ الگ ہیں۔
آئیے ان کا ایک جائزہ لیتے ہیں۔ ان کا مفہوم یاد رکھنا بہت ضروری ہے، کیونکہ اگلی اقساط میں ان کا ذکر ہوتا رہے گا۔
1۔ کام:
کسی جسم پر عمل کرنے والی قوت اور اس کے طے کردہ فاصلے کو باہم ضرب دی جائے تو حاصلِ ضرب، کام کہلاتا ہے۔
اس کی پیمائش کے لئے جو یونٹ استعمال کی جاتی ہے، اسے جول (Joule) کہا جاتا ہے۔ یہی یونٹ توانائی کے لئے بھی استعمال ہوتی ہے۔ گویا کام اور توانائی باہم مترادف ہیں۔
2۔ قوت Force
قوت وہ عامل ہے جو ساکن یا متحرک جسم کی حالت بدل دے یا بدلنے کی کوشش کرے۔
اس کی مقدار، جسم کی کمیت کو اس کے ممکنہ اسراع (acceleration) سے ضرب دینے سے حاصل ہوتی ہے۔
اسراع کیا ہے؟ رفتار کی تبدیلی کی شرح کو اسراع کہا جاتا ہے۔
گاڑی میں ایکسیلیریٹر دبانے سے اسراع پیدا ہونے کا مشاہدہ عام ہے۔
قوت کی پیمائشی یونٹ، نیوٹن کہلاتی ہے۔
3۔ طاقت (Power)
اگر کوئی جوان مزدور سو اینٹیں آدھے گھنٹے میں پہلی منزل تک پہنچاتا ہے اور ایک عمر رسیدہ مزدور ایسا کرنے میں ایک گھنٹہ لگاتا ہے، تو بتا سکتے ہیں کس نے زیادہ توانائی لگائی؟ سوچئے۔۔۔۔۔۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں نے مساوی توانائی لگائی ہے، کیونکہ مساوی کام کیا ہے۔ تو پھر ان میں فرق کیا ہے؟ ان میں کام کی رفتار کا فرق ہے، جسے طاقت کہا جاتا ہے۔ جوان مزدور کے کام کی رفتار زیادہ ہے اسلئے اس کی طاقت زیادہ ہے۔
طاقت کی پیمائشی یونٹ واٹ کہلاتی ہے۔ ایک واٹ مساوی ہوتی ہے ایک نیوٹن فی سیکنڈ کے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب جبکہ آپ توانائی، کام، قوت اور طاقت کو سمجھ چکے ہیں تو اب ہم اپنا فوکس "توانائی" پر مرکوز کریں گے۔
🔹توانائی کی اقسام🔹
توانائی کی بہت سی اقسام ہیں۔ جن میں سے چند اہم ترین یہ ہیں۔
1۔ مکینیکل انرجی Mechanical Energy
یہ توانائی، کسی جسم کی حرکت یا مقام کی وجہ سے ہوتی ہے۔ یہ کائنیٹک انرجی اور پوٹینشل انرجی کے مجموعے کے مساوی ہوتی ہے۔
2۔ کائنیٹک انرجی Kinetic Energy
یہ انتہائی اہم توانائی، پوری کائنات کے تمام متحرک اجسام میں پائی جاتی ہے۔ یعنی جہاں حرکت وہاں کائنیٹک انرجی
3۔ پوٹینشل انرجی Potential Energy
اگر کسی شے کو سطح زمین سے اوپر اٹھائیں تو اس پر ورک کرنا پڑے گا۔ یہ ورک اس میں پوٹینشل انرجی کی شکل میں ذخیرہ ہو جائے گا۔ اگر اس جسم کو چھوڑا جائے تو یہ واپس زمین پہ آ گرے گا۔ چنانچہ پوٹینشل انرجی، کسی جسم میں مقام کی تبدیلی کی بنا پر ہوتی ہے۔
4۔ تھرمل انرجی Thermal Energy
اس توانائی کا تعلق حرارت سے ہے۔ یہ توانائی درجہ حرارت کے فرق کو ظاہر کرتی ہے۔ ٹھنڈک، اپنی اصلیت میں کچھ نہیں ہے، نیز حرارت کی کمی کو ٹھنڈک کہا جاتا ہے۔ تھرمل انرجی کی اہمیت کے پیشِ نظر اسے تفصیل سے آئندہ کسی قسط میں بیان کیا جائے گا۔
5۔ نیوکلئیر انرجی Nuclear Energy
ایٹمی نیوکلئس کے تعاملات کے نتیجے میں حاصل ہونے والی توانائی نیوکلئیر انرجی کہلاتی ہے۔ یہ بہت شدید ہوتی ہے۔ ایٹم بم اور ہائڈروجن بم میں یہی توانائی خارج ہوتی ہے۔
6۔ کیمیکل انرجی Chemical Energy
ایٹموں یا مالیکیولوں کے باہمی ری ایکشنز کے دوران اخذ شدہ توانائی، کیمیکل انرجی کہلاتی ہے۔ بیٹریوں سے حاصل ہونے والی الیکٹروکیمیکل انرجی اس کی بہترین مثال ہے۔
7۔ الیکٹرومیگنیٹک انرجی
Electromagnetic Energy
اسے اردو میں برقی مقناطیسی یا شعاعی توانائی بھی کہا جاتا ہے۔ روشنی اور دیگر برقی مقناطیسی شعاعوں مثلاً الٹراوائلٹ، انفراریڈ، ایکس ریز، مائکرو ویوز وغیرہ میں یہی توانائی پائی جاتی ہے۔ موبائل کے سگنلز بھی اسی توانائی سے منسلک ہیں۔ اس کے علاوہ بلیو ٹوتھ اور وائی فائی بھی اسی توانائی کی اشکال ہیں۔ اس توانائی کی خاص بات یہ ہے کہ یہ خلاء میں بھی سفر کرسکتی ہے۔
8۔ سونک انرجی Sonic Energy
آواز کی لہروں کی توانائی سونک انرجی کہلاتی ہے۔ یہ خلاء میں سفر نہیں کرسکتی۔ اسے کسی نہ کسی مادی واسطے مثلاً ہوا یا پانی وغیرہ کی ضرورت ہوتی ہے۔
9۔ الیکٹرک انرجی Electric Energy
چارج کی حرکت الیکٹرک انرجی کہلاتی ہے۔ عام برقی کرنٹ اور آسمانی بجلی اسکی عام مثالیں ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
🔹توانائی سے متعلق اہم حقائق🔹
▪️ہر قسم کی توانائی میں کہیں نہ کہیں حرکت ضرور وابستہ ہے۔
▪️توانائی ایک غیر سمتی مقدار یعنی اسکیلر ہے
▪️توانائی ایک قسم سے دوسری قسم میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
▪️توانائی عام طور سے فنا نہیں ہوتی۔
▪️ہر قسم کی توانائی کی پیمائشی یونٹ جول ہوتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جاری ہے
No comments:
Post a Comment