Friday, July 14, 2023

قسط 1: سائنس کی اہم شاخوں کا تعارف


_*سائنس آسان*_

_*(قسط 1: سائنس کی اہم شاخوں کا تعارف)*_

_*TEACHER'S GROUP NEWS AND JOBS*_
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

علمی ذوق رکھنے والے بہت سے احباب سائنس کی مبادیات جاننا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں مجھے بہت سے پیغامات موصول ہوتے رہے ہیں جن میں اکثر دوست کسی ایسی کتاب کے متلاشی ہوتے ہیں، جس میں سائنس کی مستند بنیادی معلومات اردو میں مل سکیں۔ مگر بدقسمتی سے، باوجود تلاش بسیار کے ایسی کوئی کتاب دستیاب نہیں ہو سکی۔

چنانچہ محترم جناب اسامہ مجاہد کی ترغیب پر، میں ان مضامین کا سلسلہ شروع کر رہا ہوں۔ امید ہے اسے میرے تمام معزز قارئین، خصوصاً وہ احباب جن کا تعلیمی پس منظر کامرس یا فنون ہے، مفید پائیں گے اور انہیں سائنس کو بہتر سمجھنے کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ سائنس کے طلباء و طالبات بھی جو اپنے بنیادی تصورات کا اعادہ چاہتے ہیں، اس سے مستفید ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

🔹سائنس کیا ہے؟🔹

"ایسا علم جو تجربات اور مشاہدات سے حاصل ہو، سائنس کہلاتا ہے۔"

سائنس کا لفظ، لاطینی زبان کے لفظ scientia سے ماخوذ ہے۔ اس کے معنی علم یا نالج کے ہیں۔

لفظ سائنس پہلی بار کب استعمال ہوا؟ اس بارے میں بہت زیادہ یقینی معلومات تو نہیں مگر تاریخ میں سب سے پہلے ایک فلاسفر ولیم وہیویل William Whewell نے سن 1833 میں نیچرل فلاسفرز کے لئے سائنٹسٹ کی اصطلاح استعمال کی۔ اس کے بعد جلد ہی یہ لفظ زبان زدِ عام و خاص ہو گیا اور طبعی فطرت کے علم کے لئے سائنس کا لفظ استعمال ہونے لگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

🔹سائنس کی شاخیں🔹

سائنس ایک وسیع علم ہے۔ اس کے ہزاروں ذیلی شعبے ہیں۔ سائنسدانوں نے اسے چند بنیادی شاخوں میں تقسیم کیا ہے۔ یہ شاخیں درج ذیل ہیں۔

1۔ حیاتیات Biology

سائنس کی اس شاخ میں جانداروں کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔ 
اس کی مزید ذیلی شاخیں ہیں۔

پودوں کا مطالعہ اس کی ذیلی شاخ باٹنی Botany میں کیا جاتا ہے۔

جانوروں کے مطالعہ کے لئے زولوجی Zoology ۔

خوردبینی جانداروں کی شاخ کا نام مائکرو بیالوجی microbiology ہے۔

ان کے علاوہ جینیٹکس، ایکالوجی، ٹیکسانومی، فزیالوجی اور بہت سی دیگر شاخیں ہیں۔

2۔ کیمیا یا کیمسٹری Chemistry

مادے کا علم کیمسٹری کہلاتا ہے۔ اس میں مادے کی بناوٹ، خواص، ترکیب اور تبدیلیوں کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔

مادہ کیا ہے؟ ہر وہ شے جو کمیت اور حجم رکھتی ہو مادہ کہلاتی ہے۔ 

ٹھوس، مائع اور گیس، مادے کی تین بنیادی حالتیں ہیں۔ ان کے علاوہ بھی مادے کی کچھ حالتیں ہیں مگر وہ عام نہیں ہیں۔

3۔ طبیعیات یا فزکس Physics

مادہ، توانائی، خلاء اور وقت کے تمام مظاہر اور باہمی تعلقات کا علم، فزکس کہلاتا ہے۔ 

یوں سمجھئے کہ یہ پوری کائنات اور اس کے تمام طبعی قوانین کا علم ہے۔ 

فزکس کے بنیادی موضوعات یہ ہیں۔

حرکت، حرارت، روشنی، برقی کرنٹ، مقناطیسیت، شعاعیں، ویوز، برقی چارج، نیوکلئیر ری ایکشنز، ریڈیو ایکٹیویٹی، فورسز، آپٹکس وغیرہ۔ ان کے مطالعہ کے لئے فزکس کو کئی شاخوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

4۔ ریاضی Mathematics

اعداد، پیمائشیں، تخمینہ جات، مقداری تجزیہ، مساوات، فارمولوں اور ہندسی اشکال کا علم ریاضی کہلاتا ہے۔

اس کی اہم شاخیں ایرتھمیٹکس، الجبرا، کیلکولس، ٹرگنومیٹری اور جیومیٹری وغیرہ ہیں۔

5۔ شماریات Statistics

ڈیٹا data سے متعلق سائنس شماریات کہلاتی ہے۔ اس میں ڈیٹا کلیکشن، اس کی ترتیب سازی اور تجزیہ کر کے نتائج اخذ کئے جاتے ہیں۔

6۔ ارضیات Geology

زمین سے متعلق علم جیولوجی کہلاتا ہے۔ اس میں زمین کی ساخت، تغیرات، کیمیائی خواص اور منرلز، مٹی، چٹانوں اور اندرونی تبدیلیوں کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔

سائنس کی اور بھی شاخیں ہیں، مگر مندرجہ بالا زیادہ اہم ہیں۔ خصوصاً ان میں بیالوجی، کیمسٹری اور فزکس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔

No comments:

Post a Comment